روم،21مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اٹلی کے دارالحکومت روم میں یورپی اور شمالی افریقی ممالک کے نمائندوں کی ایک کانفرنس میں لیبیا سے مہاجرین کی آمد کو روکنے کے لیے عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کانفرنس میں الجزائر، آسٹریا، فرانس، جرمنی، اٹلی، لیبیا، مالٹا، سلووینیا، سوئٹزرلینڈ اور تیونس کے وزرائے داخلہ کے ساتھ ساتھ یورپی کمشنر برائے مہاجرت دیمتریس اورامو پولوس نے بھی شرکت کی۔ اس کے اختتامی اعلامیے میں روابط اور معلومات کے تبادلے کو مزید مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا اور مہاجرت کے اسباب پر قابو پانے کی کوششیں شروع کرنے پر زور دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ انسانوں کی اسمگلنگ کا سدباب کرنے اور سرحدوں کو زیادہ محفوظ بنانے کے لیے کوششیں تیز تر کر دی جائیں گی۔